محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کماد کی فصل کو دیمک کے حملہ سے بچانے کے لئے طبعی انسداد کی ہدایت کی ہے۔ کماد کاشت کرنے کے فوراً بعد سے اس پر دیمک کے حملے کا خدشہ بڑھنا شروع ہو جاتا ہے۔ فصل کے اگاؤ کے بعد دیمک پودوں کی جڑوں اور زیر زمین حصوں کو کھا کر نقصان پہنچاتی رہتی ہے۔ نیز ریتلی زمینوں میں دیمک کے حملے کا زیادہ خدشہ رہتا ہے۔ کاشتکار دیمک کے طبعی انسداد کیلئے گوبر کی گلی سڑی کھاد ہی استعمال کریں کیونکہ کچی کھاد کے استعمال سے دیمک کے حملے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ کماد کے سمے مکمل صاف کر کے کاشت کئے جائیں ورنہ اس پر دیمک کے حملے کا احتمال بڑھ جائیگا۔ کماد کے کھیت کو زیادہ دیر تک خشک نہ چھوڑا جائے اور بروقت آبپاشی یقینی بنائی جائے۔
Source: https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-10-09/news-3310269.html