محکمہ زراعت پنجاب نے دھان کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے کاشتکاروں کو متوازن کھادوں کے استعمال کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ دھان کی فصل میں کھادوں کا غیر متوازن استعمال پیداوار میں بہت بڑی کمی کا سبب بنتا ہے۔ کھادوں کے کم استعمال سے پودوں کی جڑیں صحیح طور پر نشوونما نہیں پاتیں جبکہ زیادہ کھادوں کے استعمال سے فصل گر جاتی ہے۔ اسلئے کاشتکاردھان کی فصل سے بہترین پیداوار کے حصول کیلئے کھادوں کا متوازن استعمال کریں۔ کھادوں کے متوازن استعمال کیلئے کاشتکار زمین کا تجزیہ ضرور کروائیں اوردرمیانی زرخیز زمین کیلئے دھان کی فصل کی موٹی اقسام کیلئے پونے دو بوری ڈی اے پی،سوا دو بوری یوریا،سوا بوری پوٹاشیم سلفیٹ جبکہ باسمتی اقسام کیلئے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی،دو بوری یوریا،ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کریں۔ زمین کی زرخیزی کو برقرار رکھنے کےلئے کاشتکار نامیاتی کھادوں کے استعمال کواپنی کاشتکاری کا مستقل حصہ بنائیں۔

Source: https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-07-12/news-3199705.html