محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مٹر کی اگیتی اقسام کو 75 سینٹی میٹر چوڑی پٹڑیوں کے دونوں جانب کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کاشتکار مٹر کی پچھیتی اقسام کی کاشت کیلئے پٹڑیوں کی چوڑائی ایک سے ڈیڑھ میٹر اور پودے کا پودے سے درمیانی فاصلہ 8 سے 10سینٹی میٹر رکھیں۔ اور شروع میں فصل کو ہفتہ کے وقفہ سے پانی دیں تاہم بعد میں موسم سرد ہو جانے پر پانی کا وقفہ بڑھا یا جا سکتا ہے۔ مٹر کی فصل میں باتھو، اٹ سٹ، سینجی، دمبی گھاس اور ڈیلا وغیرہ جیسی جڑی بوٹیاں اگتی ہیں جو فصل کی خوراک، پانی اور روشنی میں حصہ دار بننے کے ساتھ ساتھ بیماریاں اور کیڑے پھیلانے کا سبب بھی بنتی ہیں لہٰذا کاشتکار ان جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کریں کیونکہ اس سے زمین نرم ہو جاتی ہے اور پودوں کی بڑھوتری بھی تیز ہو جاتی ہے۔ کاشتکار جڑی بوٹیوں کے کیمیائی تدارک کیلئے محکمہ زراعت توسیع کے مشورہ سے مناسب زہروں کا سپرے کریں۔ زہریں بوائی کے فوراً بعد تر وتر میں سپرے کرنے سے بہتر نتائج دیتی ہیں۔
Source: https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-10-11/news-3312293.html