محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکار کپاس کی کاشت کیلئے صرف منظور شدہ اقسام کا بیج استعمال کریں،نامنظور شدہ اور غیر قانونی بیج کے استعمال سے کپاس کی پیداوار میں نمایاں کمی ہو جاتی ہے۔ کاشتکار کپاس کی بی ٹی اقسام کی کاشت یکم اپریل تا 31 مئی تک مکمل کر یں۔  حکومت پنجاب کپاس کے کاشتکاروں کو کپاس کی منظور شدہ اقسام بی ایس-15،سی آئی ایم -663،سی کے سی-1،آئی یوبی-2013،ایم این ایچ-1020،نیاب-545،نیاب-878 اورنیاب کرن پر کاشتکاروں کو سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ اس ضمن میں بْروالے اوربغیر بْر والے بیج کے تھیلے پر1 ہزار روپے فی بیگ سبسڈی فراہمی جاری ہے۔یہ سبسڈی تھیلوں میں موجود واؤچر کے ذریعے کاشتکاروں کو فراہم کی جائے گی۔

کاشتکار بی ٹی اقسام کے ساتھ 10 فیصد رقبہ نان بی ٹی اقسام بھی کاشت کریں تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوتِ مدافعت نہ پیدا ہو سکے۔ 75 فیصد یا زیادہ اگاؤ والا بْر اترا ہوا 6 کلو گرام جبکہ بردار 8 کلو گرام اور 60 فیصد اگاؤ والا بر اترا ہوا 8 کلو گرام جبکہ بردار 10 کلو گرام فی ایکڑ استعمال کریں۔ کھیلیوں پر کاشت کے لئے 6 تا 8 کلو گرام بیج فی ایکڑ (3 سے 4 بیج فی چوپا) استعمال کریں۔

Source: https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-03-30/news-3087393.html