لاہور : محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو سورج مکھی کی فصل قطاروں میں کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ کاشتکار اچھی اور صحتمند فصل اور بہتر پیداوار کے حصول کیلئے سورج مکھی کو قطاروں میں کاشت کریں اور قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا دو سے اڑھائی فٹ تک رکھاجائے۔کاشتکار سورج مکھی کے پودوں کا درمیانی فاصلہ علاقے کی مناسبت سے رکھنے کی جانب خصوصی توجہ دیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی پریشانی کاسامنانہ کرناپڑے ۔
انہوں نے بتایاکہ آبپاش علاقوں میں پودوں کا درمیانی فاصلہ 9انچ اور بارانی علاقوں میں 12 انچ تک رکھنے کے مفید نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
اور کہا کہ کاشتکارکماد کی برداشت کے بعد خالی ہونے والی زمینوں میں گندم کاشت نہ کریں کیونکہ گندم کی کاشت اب پچھیتی ہوگئی ہے اسلئے گندم کی فی ایکڑ پیداوار بھی کم ہوگی لہذا وہ گندم کی بجائے بہاریہ سورج مکھی کاشت کریں جبکہ بھاری میرا زمین سورج مکھی کی کاشت کیلئے موزوں ہے۔