مکئی خریف کا نہایت ہی اہم چارہ ہے۔ اسے گاچا بھی کہا جاتا ہے۔اور مکئی کے چارہ کا سائیلج بھی بنایا جاتا ہے ۔ مکئی کا چارہ 60سے 65 دنوں میں تیار ہوجاتا ہے۔چارے کی فصل کے لیے منظور شدہ اقسام سرگودھا-2002اور سپر گرین مکئی شامل ہیں۔چارے کی فصل کے لیے شرح بیج 35 سے 40 کلوگرام  فی ایکڑ اور بیج والی فصل کے لیےشرح بیج 8 تا 10 کلو گرام فی ایکڑ استعمال کریں۔چارے کے لیے مکئی کی کاشت 15 فروری سے ستمبر تک کی جا سکتی ہے۔ ستمبر کے بعد کاشتہ فصل کامیاب نہیں ہوتی۔چارے والی مکئی کی فصل عموماً چھٹہ سے کاشت کی جاتی ہے مگر اچھے اگاؤ اور زیادہ پیداوار کے لیےبہتر ہےکہ اسکی کاشت ایک فٹ کے فاصلہ پر قطاروں میں بذریعہ ڈرل کی جائے۔مکئی کی ٖفصل میں عام طور ہر اٹ سٹ، تاندلہ، سوانکی، مدھانہ اور دیگرکئی قسم کی جڑی بوٹیاں اگتی ہیں، جن کے انسداد کے لیے پہلے پانی کے بعد سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہر کا استعمال کریں۔ اگاؤکے بعد میزوٹرائی اون + ایٹرازین بحساب 500 ملی لٹر فی ایکڑ سپرے کی جاسکتی ہے۔