کپاس کے کاشتکاروں کو لائنوں میں بی ٹی اقسام کی کاشت کے بعد پہلی آبپاشی 30-35 بعد کرنے کی ہدایت کی گئی، اور کہا گیاکہ کاشتکار پہلی آبپاشی مقررہ وقت پر یقینی بنائیں جبکہ بقیہ آبپاشیاں 12 سے 15 دن  کے وقفہ سے کی جائیں، تاہم پٹریوں پر کاشت کی صورت میں بوائی کے بعد پودے کو پانی کی کمی نہیں ہونی چاہیے اور ہر 6 سے 9 دن کے وقفہ پانی لگاتے رہنا چاہیے تاکہ پودے کو پانی کی کمی سے بچایا جا سکے۔ محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد محمودنے بتایاکہ ڈرل سے لائنوں میں کاشت کی گئی روایتی چھوٹے قد والی کپاس کی اقسام کو پہلی آبپاشی بوائی کے 30 سے 40دن اور لمبے قد والی کپاس کی اقسام کو 40 سے 50دن اور اس کے بعد ہر آبپاشی 12 سے 15 دن کے وقفہ سے کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید یہ بھی کہاکہ بی ٹی اقسام کیلئے بوائی کے بعد نائٹروجنی کھاد کا چھٹا حصہ 30سے35دن بعد جبکہ باقی ماندہ نائٹروجن کھاد ایک پانی چھوڑ کر اگلے پانی پر ڈالنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ روایتی اقسام کیلئے بوائی کے بعد نائٹروجن کھاد کابقیہ تیسرا حصہ ڈوڈیاں بننے پر اور باقی ماندہ نائٹروجن پھول شروع ہونے پر استعمال کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کھیتوں میں اور ارد گرد پائی جانیوالی سفید مکھی، ملی بگ اور لیف کرل وائرس کے میزبان پودوں کا کام دینے والی جڑی بوٹیاں بھی بروقت تلف کردینی چاہئیں تاکہ کپاس کی فصل کو نقصان نہ پہنچ سکے۔

Source: https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-05-28/news-3147545.html