کاشتکار مولی کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری پر خصوصی توجہ دیں- کاشتکار مولی کی کاشت دریا یا نہر کے قریب زرخیز زمینوں پر کریں تاکہ مولی کی جڑ کی بڑھوتری زیادہ ہو اور اچھی کوالٹی کی فصل حاصل ہوسکے۔ کاشتکار مولی کی کاشت کے وقت منتخب کھیت کو ہموار کریں کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی زیادہ کھڑا ہوتا ہے اور اونچی جگہوں پر پانی کم کھڑا ہوتا ہے تو فصل کی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔ اس سے فصل کی پیداوار میں بھی کمی واقع ہوجاتی ہے۔
زمین کی تیاری کے بعد ایک بوری ڈی اے پی اور ایک بوری سلفیٹ آف پوٹاش فی ایکڑ استعمال کریں کیونکہ پوٹا ش کی کھاد جڑ والی فصلوں کیلئے نہایت ضروری ہے۔ یہ کھاد مولی کو زیادہ درجہ حرارت اور گرمی کی شدت سے محفوظ رکھتی ہے۔ کاشتکار مولی کی فصل 60 سینٹی میٹر کی پٹڑیوں کے دونوں کناروں پر بذریعہ چوکا یا کیرا کریں-