جڑانوالہ:محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گنے کی بہاریہ فصل کو کھلے سیاڑوں اور گہری کھیلیوں میں کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ زراعت نے کہاکہ کماد کی کاشت کیلئے ہموار زمین میں گہرا ہل چلا کر مناسب تیاری کے بعد سہاگہ لگایا جائے اور پھر رجر کے ذریعے 10 سی12 انچ کی گہری کھیلیاں چار فٹ کے فاصلے پر بنائی جائیں اور ان میں پہلے فاسفورس اور پوٹاش کی کھادیں ڈالیں اور پھر سیاڑوں میں سموں کی دولائنیں چھ انچ کے فاصلے پر اس طرح لگائیں کہ سموں کے سپرے آپس میں ملے ہوئے ہوں اس کے بعد ان کو مٹی کی ہلکی سی تہہ سے ڈھانپ دیا جائے اوربیج پر مٹی ڈالنے میں احتیاط کی جائے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت فیصل آباد  چوہدری خالد محمود نے کہا کہ کاشتکار مذکورہ صورتحال میں سہاگہ نہ پھیریں بلکہ ہاتھ یا پاؤں سےمٹی ڈالیں اور ہلکا پانی لگا دیں اور منا سب وقفہ سے جب کھیلیاں خشک ہو جائیں پانی دیتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھی پیداوار لینے کے لیے سیاڑوں کا فاصلہ 4 فٹ رکھیں تا کہ پودےکو روشنی، ہوا اور غذائیت وافر مقدار میں ملتی رہے۔انہوں نے کہا کہ بہاریہ کماد کے لیے زمین کی تیاری اچھی طرح سے کریں اور پانی کے اچھے اور موزوں نکاس والی بھاری میرا زمین کا انتخاب کریں۔

Source: https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-01-18/news-3021642.html