ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول فیصل آباد عامر رسول نے بتایا کہ جڑی بوٹیوں کے تدارک کیلئے سپرے کرتے وقت چند ایک احتیاطوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے مثلاً سپرے دھوپ میں اس وقت کیا جائے جب اوس جزوی طور پر ختم ہو جائے تاہم ابر آلود موسم اور دھند میں زہرپاشی کا عمل مؤخر کر دیا جائے نیز چوڑے اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کے لیے الگ الگ مخصوص زہروں کا سپرے کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ کہیں اوور لیپنگ نہ ہو یعنی کوئی جگہ خالی نہ رہے اور نہ ہی کہیں دوہرا سپرے ہو۔ انہوں نے کہا کہ سپرے کیلئے مخصوص ٹی جیٹ نوزل یا فلیٹ فین پیتل کی نوزل استعمال کی جائے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل سے چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے بجائی کے 30سے 35 دن بعد جبکہ باریک یا نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے بجائی کے45 سے50دن بعد زمین کی تروتر حالت میں مخصوص سفارش کردہ زہروں کا سپرے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کے 3سے 5 پتوں کے مرحلہ پر زہر سے انسداد آسان ہوتا ہے جبکہ سپرے کے لیے پانی 120لیٹر فی ایکڑ اور خشک وتر میں 150لیٹر فی ایکڑ تک استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپرے کے کم از کم دس پندرہ دن تک کھیت کو پانی نہ لگایا جائے اورنہ ہی اس میں گوڈی کی جائے۔