محکمہ زراعت کی جانب سے گوارے کی فصل کو چارے کے لئے ماہ جون سے لے کر جولائی کے آغازتک کاشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کاشتکاروں کو چاہیے کہ چارے والی فصلات پرسپرے نہ کریں۔ اگر گوارے کو سبزکھادکے طورپراستعمال کرنا مقصود ہوتو فصل کی کاشت مئی کے مہینہ میں بھی کی جاسکتی ہے تاہم بیج والی فصل کا موزوں ترین وقتِ کاشت یکم جولائی سے لے کر پندرہ جولائی تک ہے۔
کاشتکار چارے کی کاشت کے لئے 20 سے 25کلوگرام فی ایکڑ اوربیج والی فصل کی کاشت کے لئے 12 سے 15کلوگرام فی ایکڑ بیج استعمال کریں۔ کاشتکار منظورشدہ اقسام بی آر 90 اور بی آر 99 کاشت کرکے زیادہ سے زیادہ پیداوارحاصل کرسکتے ہیں۔ فصل کو ایک ایک فٹ کے فاصلے پر قطاروں میں کاشت کرنے سے اچھے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ گوارے کی فصل پر تیلے کا حملہ روکنے کے لئے بیج والی فصل پر نوگاس کا ہلکاسپرے کیاجاسکتاہے تاہم چارے والی فصل پر کسی قسم کا سپرے کرنے سے گریزکیاجائے۔
Source: https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-06-10/news-3163252.html