اسپغول کے بیج بہت سی بیماریوں کے تدارک کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں اور ان میں پایاجانیوالا تیل شریانوں کو سکڑنے اور تنگ ہونے سے بچانے کے علاوہ کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ اس لئے کاشتکار اسپغول کی کاشت فوری طورپر شروع کرکے اگلے ماہ اکتوبر کے وسط تک مکمل کرلیں کیونکہ اسپغول کی کاشت کیلئے ستمبر کامہینہ انتہائی بہترین ہوتاہے تاہم اس کی کاشت وسط اکتوبرتک مکمل کی جاسکتی ہے۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق اسپغول کو ہلکی زمین اور گرم مرطوب آب و ہوا میں انتہائی کامیابی سے کاشت کیاجا سکتاہے۔ زمین کی تیاری کے دوران کاشتکار کو دو تین بار کھیت میں ہل چلانا چاہیے۔ گوبر کی گلی سڑی کھاد 5سے 6 گڈے فی ایکڑ ڈالنے سے بھی شاندار فصل حاصل ہوسکتی ہے۔ بیجوں کو قطاروں میں 15 سینٹی میٹر کے فاصلے پر بویا جائے۔ کاشتکار کو بوائی کے فوراً بعد آبپاشی کرنی چاہیے۔