محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو متعددکٹائیاں دینے والے سدا بہار چارے روڈز گراس کی  کاشت کی ہدایت کی ہے ۔  روڈز گراس متعدد کٹائیاں دینے والا دائمی نوعیت کا چارہ ہے اور اس کو ایک بار کاشت کرنے سے کم ازکم تین سال تک اچھی پیداوار لی جاسکتی ہے۔ روڈز گراس کی کاشت کے لیےبہتر نکاس والی بھاری میرا زمین موزوں ہے۔ زمین کی تیاری کے لیے 3سے 4 مرتبہ ہل بمعہ سہاگہ چلا کر زمین کو بالکل نرم، بھر بھرااور ہموار کیا جائے۔ روڈز گراس کی کاشت سال میں دو بار کی جا سکتی ہے جو کہ بیج اور جڑوں دونوں سے ہو سکتی ہے نیز 5سے 8 کلو بیج یا 11000 سے 12000 دو آنکھ والی قلمیں فی ایکڑکےلئے  کافی ہوتی ہیں۔اچھی پیداوار کے لئے قلموں اور لائنوں کا درمیانی فاصلہ 2 فٹ رکھا جائے۔

Source: https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-04-29/news-3115653.html