فیصل آباد: محکمہ زراعت پنجاب کا کہناہے کہ سفید مکھی کپا س کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو سارا سال متحرک رہتا ہے۔سفید مکھی کپاس کے علاوہ میزبان پودوں مکئی، جوار، تمباکو، سورج مکھی، لوسرن، برسیم،گوبھی، مولی، شکر قندی، بینگن، بھنڈی توری، خربوزہ، تربوز، مرچ، پالک، چپن کدو، ٹماٹر،پیاز، مٹر، آلو، لیچی، ترشاوہ پھل، انار بیر، امرود، شہتوت، پپیتا، لیہلی، مکو، مینا، پر پرورش پاتی ہے۔بہاریہ فصلوں اور سبزیات کی باقیات کو برداشت کے بعد فوراً تلف کردیں، کپاس کی کاشت کے علاقوں میں اور کپاس کے کھیتوں کے قریب بھنڈی توری، بینگن اور جوار کاشت نہ کریں۔اس کے علاوہ کاشتکارکھیتوں اور کھالوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں۔بہاریہ فصلات پر سفید مکھی کے کیمیائی تدارک کے لئے محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے ایسی زہریں استعمال کریں جو سفید مکھی کے تدارک کیلئے مؤثر اور مفید کیڑوں کے لئے محفوظ ہوں۔
Source: https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-02-15/news-3048844.html