ملتان :سینٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے ڈائریکٹر زاہد محمود نے کہا ہے کہ رواں برس سی سی آر آئی ملتان کپاس کی ایسی اقسام متعارف کرانے جا رہا ہے جو نہ صرف کپاس کے نقصان دہ کیڑے مکوڑوں کے خلاف مزاحمت رکھتی ہیں بلکہ کپاس کے دیگر چیلنجز جیسا کہ زیادہ درجہ حرارت یا زیادہ نمی ، کپاس کا پھل گرنا یا پانی کی کمی وغیرہ جیسے مسائل کا سامنا کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کپاس کی نئی اقسام کا بیج رجسٹرڈ کمپنی یا ریسرچ ادارے سے لیا جا سکتا ہے، ڈاکٹر زاہد محمود نے بتایا کہ رواں برس ادارہ ہذا کی چار نئی اقسام ، سی آئی ایم 663، سی آئی ایم 678، سی ائی ایم 785 اور سائیٹو 535 منظور ہوئی ہیں جبکہ نان بی ٹی قسم سائیٹو 226منظور ہوئی ہےادارہ ہذا رواں سال کے لیے کپاس کے کاشتکاروں کو دستیاب شدہ منظور شدہ کپاس کی اقسام بھی سرکاری نرخ پر فراہم کر رہا ہے۔تمام کاشتکار ادارہ ہذا کی کپاس کی اقسام کی خریداری کے لیے دفتری اوقات میں رابطہ کر سکتے ہیں اور سرکاری نرخ 250 روپے فی کلو پر کپاس کا بیج حاصل کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر زاہد محمود نے کہا کہ ان نئی اقسام سے کسان کی نہ صرف فی ایکڑپیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ انکی پیداواری لاگت میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔