دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت دھان کے نمائشی پلاٹوں کی کاشت کیلئے16مئی تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں ۔محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق ایسے کاشتکارجو ہر سال باقاعدگی سے کم ازکم دھان کی ایک ایکڑ کاشت کرتے ہوں اور اُن کی زمین پکی سڑک، پکی رابطہ سٹرک یا مین پکی سٹرک سے منسلک ہو، وہ دھان کے نمائشی پلاٹوں کی کاشت کے سلسلے میں اپنی مکمل درخواستیں 16 مئی 2022 تک متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔
حکومت پنجاب کی طرف سے ایک ایکڑ نمائشی پلاٹ کے اخراجات بحساب 30 ہزار روپے فی ایکڑ فراہم کئے جائیں گے۔قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کی سفارشات کے مطابق نمائشی پلاٹ کاشت کرنے کا پابند ہوگا۔ محکمہ زراعت کی نامزد کردہ ضلعی نمائشی پلاٹ سلیکشن کمیٹی موصول ہونے والی درخواستوں کی ضروری تصدیق کرے گی اور موزوں درخواستیں زیادہ ہونے کی صورت میں ہر یونین کونسل کیلئے الگ قرعہ اندازی کی جائے گی۔