دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت دھان کے نمائشی پلاٹوں کی کاشت کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی آج (16 مئی) آخری تاریخ ہے ۔محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق ایسے کاشتکارجو ہر سال باقاعدگی سے کم ازکم دھان کی ایک ایکڑ کاشت کرتے ہوں اور اُن کی زمین پکی سڑک، پکی رابطہ سٹرک یا مین پکی سٹرک سے منسلک ہو، وہ دھان کے نمائشی پلاٹوں کی کاشت کے سلسلے میں اپنی مکمل درخواستیں 16 مئی 2022 تک متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔
کاشتکار درخواست فارم متعلقہ ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت (توسیع)، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) یا زراعت آفیسر (توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ درخواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔
حکومت پنجاب کی طرف سے ایک ایکڑ نمائشی پلاٹ کے اخراجات بحساب 30 ہزار روپے فی ایکڑ فراہم کئے جائیں گے۔قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کی سفارشات کے مطابق نمائشی پلاٹ کاشت کرنے کا پابند ہوگا۔ محکمہ زراعت کی نامزد کردہ ضلعی نمائشی پلاٹ سلیکشن کمیٹی موصول ہونے والی درخواستوں کی ضروری تصدیق کرے گی اور موزوں درخواستیں زیادہ ہونے کی صورت میں ہر یونین کونسل کیلئے الگ قرعہ اندازی کی جائے گی۔