زرعی سفارشات: کماد کی بہتر اور اچھی پیداوار کے لیے اچھے نکاس والی میرا زمین نہایت موزوں ہے۔ اس کو مونجی اور کماد کے وڈھ میں اور کپاس کے بعد بھی کاشت کیا جا سکتا ہے۔گنے کی کاشت کھیلیوں میں کرنے کے لیےہموار زمین کو ہل چلا کر مناسب تیاری کے بعد سہاگہ دیں اور بھر رجر کے زریعے 10 تا 12 انچ گہری کھیلیاں 4 فٹ کے فاصلہ پر بنائیں۔ہمیشہ صحت مند، بیماریوں اور کیڑوں سے پاک فصل سے بیج کا انتخاب کریں، خاص طور پر ایسے کھیت سے بیج ہر گز نہ لیں جس میں رتہ روگ کی بیماری ہو۔ بیج بناتے وقت کمزور اور بیمار گنے چھانٹ کر نکال لیں۔ کورے سے متاثر اور گری ہوئی فصل سے بیج نہ لیں۔سموں پر کھوری یا سبزپتوں کا غلاف نہیں ہونا چاہیےوگرنہ اگاؤ کم ہوتا ہے اور دیمک لگنے کا احتمال بھی بڑھ جاتا ہے۔ اور بیج کو پھپھوندی کش زہروں کے محلول میں 5 تا 10 منٹ تک بھگو کر کاشت کریں۔