فیصل آباد:  محکمہ زراعت نے کاشتکاروں  کو ہدایت کی ہے کہ وہ کماد کی کاشت 15 مارچ تک مکمل کرلیں اور گہری کھیلیوں میں کماد کی کاشت کیلئے منظور شدہ اقسام کا 100 سے 120 من بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہا کہ کاشت سے پہلے بیج کو پھپھوندی کش دوائی کے محلول میں 3 سے5 منٹ تک بھگو کر بوائی سے بہتر نتائج حاصل ہوسکتے ہیں ۔درمیانی زرخیز زمین میں 3 بوری یوریا، 2 بوری ڈی اے پی اور 2 بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کر کے بہتر نتائج اور شاندار فصل کا حصول ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ وہ بوائی کے فوراً بعد ہلکا  پانی لگائیں اور مناسب وقفے پر کھیلیاں خشک ہونے پر دوبارہ  پانی لگائیں نیز فصل کے مکمل اگاؤ تک حسب ضرورت پانی لگاتے رہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ گہری کھیلیوں میں کاشت سے پانی کی بچت کے علاوہ نہ صرف فصل گرنے سے محفوظ رہتی ہے بلکہ اس سے پیداوار میں بھی اضافہ ہوتاہے۔

Source: https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-02-11/news-3044794.html