فیصل آباد: موسم سرما کے آغازکے باوجودملک کے اکثر مقامات پر باران رحمت نہ ہونے،بعض مقامات پر دھند، کورے،سموگ اور خشک سردی کے باعث جانوروں میں منہ کھر اور گل گھوٹو کی بیماری کے حملہ کا خدشہ پیداہو گیاہے لہٰذا لائیوسٹاک فارمرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیاہے کہ اگر جانوروں میں کسی قسم کی بیماری کی علامات ظاہر ہو ں تو فوری طور پر قریبی ویٹرنری ہسپتال یا ڈسپنسری میں موجود لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ عملہ سے رابطہ کیا جائے تاکہ جانوروں اور مویشیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرکے مر ض کی علامات کو ختم کرنے اور کسی پیچیدگی سے بچانے میں مدد مل سکے۔

محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اشفاق احمد انجم نےکہا کہ جس طرح خشک سردی انسانوں کو متاثر کرتی ہے اسی طرح جانور بھی اس سے متاثر ہو تے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ تمام ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں متعلقہ ادویات اور حفاظتی ویکسین کے ٹیکے مطلوبہ ضرورت کے مطابق موجود ہیں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ لائیوسٹاک فارمرز اس سلسلہ میں کسی غفلت کا مظاہر ہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی معلومات، رہنمائی یا مشاورت کیلئے محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔