محکمہ زراعت پنجاب نے کہاہے کہ دھان کے کاشتکار 20 مئی سے قبل پنیری ہر گز کاشت نہ کریں، پنجاب زرعی پیسٹ آرڈیننس 1959 ء کے تحت دھان کی پنیری کی کاشت 20 مئی سے قبل ممنوع ہے۔ دھان کے تنے کی سنڈیاں موسم سرما میں مڈھوں میں سرمائی نیند سو کر گزارتی ہیں اور ان کے پروانے مارچ کے آخر اور اپریل کے شروع میں نکلتے ہیں۔اگر20 مئی سے قبل پنیری کاشت کی گئی ہو تو پروانے اس پر انڈے دے کر اپنی نسل کا آغاز کر دیتے ہیں جو پروان چڑھ کر علاقہ میں وبائی صورت بھی اختیار کر لیتے ہیں۔ کاشتکار دھان کی زیادہ پیداوار کیلئے منظور شدہ اقسام کا بیج استعمال کریں،دھان کی منظور شدہ موٹی اقسام کے ایس282،نیاب اری9،اری6،کے ایس کے133،کے ایس کے434،نبجی جی ایس آر6،نبجی 5اور نیاب2013 ء کی کاشت کیلئے موزوں وقت20 مئی تا7 جون ہے۔

Source: https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2022-05-09/news-3124063.html